فیصل آباد،بارش کے باعث گھر کی خستہ حال دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا

منگل 16 اپریل 2024 23:13

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) بارش کے باعث گھر کی خستہ حال دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 8 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا،آن لا ئن کے مطابق جڑانوالہ کے نواحی گائوں خانوآنہ بائی پاس ستیانہ روڈ پر واقع چک نمبر 71 گ ب لکڑیاں والا میں بارش کے باعث گھر کی خستہ حال دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 8 سالہ بچہ فیضان ولد علی احمد جاں بحق ہو گیا اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے بر وقت پہنچ کر بچے کی لاش کو ملبے تلے سے نکال کر ورثا کے حوالہ کر دیا ہے بچے کی اچانک ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔

دریں اثناء کنویں سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ ایک ماہ پرانی برہنہ لاش برآمد،تفصیلات کے مطابق تھانہ ستیانہ پولیس کو اطلاع ملی کہ چک نمبر 32 گ ب میں واقع کنویں میں ایک شخص کی برہنہ لاش پڑی ہوئی ہے جس پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو کنویں سے نکال کر شناخت کیلئے اعلانات کروائے مگر تاحال لاش کی شناخت نہ ہو سکی ہے پولیس کے مطابق لاش ایک ماہ پرانی ہے پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں اصل حقائق واضح ہونگے پولیس نے تمام حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گھریلو جھگڑے سے دلبراشتہ ہو کر 40سالہ شخص نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی،تفصیلات کے مطابق تھانہ روڈالہ روڈ کی حدود چک نمبر 383 گ ب کے رہائشی ریاض کا گھر میں اکثر لڑائی جھگڑا ہوتا تھا گزشتہ روز گھریلو جھگڑے سے دلبراشتہ ہو کر 40 سالہ شخص ریاض نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ روڈالہ روڈ نے پولیس نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاش کو تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالہ کر دیا ہے 40 سالہ شخص کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔