آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کردی

منگل 16 اپریل 2024 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2024ء) آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی بند کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سپلائی راولپنڈی/اسلام آباد، گلگت اور آزاد کشمیر ریجن کو بند کی گئی ہے، ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک کے ہوائی اڈوں کو بھی سپلائی بند کر دی ہے، ہمارے مطالبات کی منظوری تک سپلائی کو معطل رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں ترجمان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن نے کہا کہ پی ایس او حکام اور ڈی سی اسلام آباد کو نوٹس بھجوائے کوئی جواب نہیں ملا، میٹررائزڈ سسٹم کے تحت بھرائی کے مطالبے کو فوری پورا کیا جائے، ضلعی انتظامیہ اور حکام نے 20 فروری کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے بعد ناپ تول کے پیمانے کے تحت ٹینکرز میں کم پیٹرول ڈیزل بھرا جارہا ہے، کم پیٹرول ڈیزل بھرنے سے ٹینکرز اونرز اور صارفین کو نقصان ہورہا ہے، اوگرا اور وزارت پیٹرولیم کو متعدد بار آگاہ کر چکے، اب مطالبات کی منظوری تک سپلائی معطل رہے گی۔