قانون کی علمداری اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار اہم ہے، نذیر احمد عباسی

منگل 16 اپریل 2024 20:20

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) خیبر پختونخوا کےوزیر ریونیو اینڈ اسٹیٹ نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ قانون کی علمداری اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار اہم ہے۔تحصیل بار ایسوسی ایشن حویلیاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔وہ منگل کو تحصیل بار ایسوسی ایشن حویلیاں کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر نومنتخب صدر تحصیل بار ایسوسی ایشن حویلیاں چوہدری عتیق احمد ،جنرل سیکرٹری سردار کامران احمد نے صوبائی وزیر کو بار کے مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نذیر احمد عباسی نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی کے لئے وکلاء کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ تحصیل حویلیاں میں جوڈیشل کمپلیکس کا قیام خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

جس طرح گزشتہ کئی سالوں سے تحصیل حویلیاں کے وکلاء نامساعد حالات میں اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے وہ قابل تحسین ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے عدالتی نظام میں موجود نقائص کو وکلاء اپنی اہلیت اور تجاویز سے کم کر سکتے ہیں۔ دنیا میں وہی اقوام خوشحال ہیں جہاں انصاف اور قانون کی حکمرانی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے اختیارات اور وسائل کو مدنظر رکھ کر تمام محکموں میں مثبت اصلاحات لانے کے لئے کام کر رہی ہے جس کے اثرات جلد عوام کو نظر آئیں گے ۔نومنتخب صدر بار ایسوسی ایشن حویلیاں چوہدری عتیق نے کابینہ کے ہمراہ صوبائی وزیر کو سپاس نامہ پیش کیا اور بار کی ضروریات پر بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :