غزہ میں ہر 10منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہو رہا ہے، یونیسف

اکتوبر 2023سے اب تک غزہ میں 12ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے

منگل 16 اپریل 2024 20:30

جنیوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) بچوں کیلئے کام کرنیوالی اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسف نے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں ہر 10منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہورہا ہے۔حال ہی میں غزہ کا دورہ کرکے واپس آنے والی یونیسف کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ ٹیس انگرام نے جنیوا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ جنگ بچوں پر بری طرح اثر انداز ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

ٹیس انگرام نے کہا کہ غزہ میں ہر 10منٹ میں ایک بچہ جاں بحق یا زخمی ہورہا ہے،7اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 12ہزار سے زائد بچے جاں بحق ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہر روز تقریبا 70بچے زخمی ہو رہے ہیں، غزہ سے مریضوں کے انخلاء کو بڑھانے اور فوری جنگ بندی کی ضرورت ہے۔ٹیس انگرام نے کہا کہ غزہ کے بچوں کے چہرے مسلسل جنگ کی خوفناک تصویر کی عکاسی کر رہے ہیں، غزہ کے بچوں کو معذوری اور موت سے بچانے کا واحد راستہ پائیدار جنگ بندی ہے۔