ذیابیطس کے مریضوں کی سہولت کے لئے حیدرآباد میں بھی ذیابیطس ٹیلی کئیر سینٹر کا آغاز کر دیا گیا ہے، ڈاکٹر ثانیہ بشیر

منگل 16 اپریل 2024 22:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2024ء) ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر ثانیہ بشیر نے کہا ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کی سہولت کے لئے ذیابیطس ٹیلی کئیر سینٹر کراچی کے بعد اب حیدرآباد میں بھی باقاعدہ اس سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ،اس ذیابیطس ٹیلی کئیر سینٹر کا مقصد ذیابیطس کے مریضوں کا آن لائن علاج کرنا ، ان زندگی کے معمولات کو بہتر انداز میں انجام دینا ، ورزش کے اوقات کار سے آگاہ کرنا اور سب سے بڑھ مریض کو صحیح وقت پر دوا کھانے کے بارے میں آگاہ کرنا شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذیابیطس ٹیلی کئیر سینٹرکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر ثانیہ بشیر نے کہا کہ ہماری شروع سے ہی یہ کوشش تھی کہ ایک ایسا ادارہ قائم کیا جائے جہاں شوگر کے مریضوں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے اور ان کی ادویات کا خیال رکھنے سمیت خوراک کے حوالے سے انہیں آگاہی فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

ذیابیطس ٹیلی کیئرسینٹر حیدرآباد ایک غیر معمولی سروس فراہم کرتا ہے، بغیر کسی رکاوٹ کے ذیابیطس کے مریضوں کے انتظام کے لئے ٹیکنالوجی اور صحت کی دیکھ بھال کو ملاتا ہے، ان کا ٹیلی کیئر اپروچ ذاتی مدد کو یقینی بناتا ہے، لوگوں کو اپنی صحت پر قابو پانے کے لئے بااختیار بناتا ہے، ذیابیطس ٹیلی کئیر سینٹر ایک سرشار ٹیم اور جدید حل کے ساتھ ذیابیطس کے انتظام کو آسان اور موثر بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ہم سینٹر سے رابطہ کرنے والے مریضوں کو ذیابیطس ٹیلی کیئر سینٹر کے حوالے سے مکمل آگاہی فراہم کرتے ہیں اور انہیں مکمل طور پر بریف کیا جاتا ہے کہ ٹیلی کیئر سینٹر ان کے لئے کس قدر فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے جبکہ ہم مریضوں سے مناسب فیس چارج کرتے ہیں اور ان کو آن لائن ٹیلی کیئر سینٹر سے منسلک کر دیا جاتا ہے جس سے مریضوں کو یہ فائدہ ہوتا ہے ۔ڈاکٹر ثانیہ بشیر نے کہا کہ ہمارے یہاں لوگوں کو شوگر کے مرض کے حوالے سے مکمل آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ان کا مرض شدت اختیار کر جاتا ہے اس کی سب سے بڑی وجہ انہیں اس مرض کے حوالے سے مکمل آگاہی نہ ہونا ہے۔