فوڈ سیفٹی ٹیموں کی علی الصبح اور رات گئے تک ناکہ بندیاں، دودھ اور گوشت بردار گاڑیوں کی چیکنگ

705کلو بیمار کم وزن مرغیاں، 5210لیٹر ملاوٹی دودھ ،بھاری مقدار میں ایکسپائر اشیا تلف کر دی گئیں ‘عاصم جاوید لاہور زون میں 1310فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،متعدد کو 15لاکھ 20ہزار کے جرمانے عائد، 5یونٹس کی پروڈکشن بند، 3مقدمات درج

بدھ 17 اپریل 2024 15:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح اور رات گئے تک ناکہ بندیاں، دودھ اور گوشت بردار گاڑیوں کی چیکنگ کی ،لاہور زون میں 1310فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ،متعدد کو 15لاکھ 20ہزار کے جرمانے عائد، 5یونٹس کی پروڈکشن بند، 3مقدمات درج کیے گئے جبکہ 705کلو بیمار کم وزن مرغیاں، 5210لیٹر ملاوٹی دودھ اور بھاری مقدار میں ایکسپائر اشیا تلف کر دی گئیں ۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ پنجاب پیور فوڈ ایس او پیز کی سنگین خلاف ورزیوں پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، ٹولنٹن مارکیٹ کی چیکنگ اور ناکہ بندی کے دوران 57 ہزار کلو مرغیوں اور 6لاکھ 20 ہزار لٹر دودھ کا معائنہ کیا گیا۔ بارہا اصلاحی نوٹس جاری کرنے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کر کے یونٹس بند کیے گئے۔

(جاری ہے)

انتہائی لازم میڈیکل عدم دستیاب، کچن میں کیڑے مکوڑے، سٹوریج ایریا میں جالے اور بدبودار ماحول پایا گیا۔

فنگس زدہ ریکس اور فریزر، زنگ آلود برتنوں میں تیار خوراک رکھی پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں خوراک کی تیاری میں مضر صحت گھی، کھلے مصالحہ جات اور منوعہ اجزا کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے، میٹ کانٹر پر جالی، چکن سلاٹرنگ کون سسٹم، پرسنل ہائجین، دودھ اور گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تلف کیے جانے والے دودھ اور گوشت کو لاہور میں مختلف چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ پنجاب میں جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کروا کے کیس کی مکمل پیروی کی جا رہی ہے۔ تشکیل کردہ خصوصی ٹیمیں علی الصبح شہر کے داخلی راستوں کی ناکہ بندی کر کے دودھ اور گوشت کی چیکنگ کر رہی ہیں۔ پنجابیوں کی اچھی صحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے، معیاری خوراک کی فراہمی اولین فریضہ ہے۔ شہری گوشت، دودھ اور خوراک کے متعلق کسی قسم کی شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :