چینی رہنمائوں کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

بدھ 17 اپریل 2024 17:24

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چائو لہ جی اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے چیئرمین وانگ حو نینگ نے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالنے پر الگ الگ مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔بدھ کوچینی رہنمائوں نے کہا کہ چین اور پاکستان چارموسموں کے سٹرٹیجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور ہمارے درمیان ’’آہنی‘‘دوستی عوام کے دلوں میں جڑیں پکڑ چکی ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ برسوں میں صدر شی جن پنگ اور پاکستانی رہنماؤں کی سٹرٹیجک رہنمائی میں چین اور پاکستان کے درمیان باہمی سیاسی اعتماد مضبوط ہوا ہے، تعاون کے وافر ثمرات برآمد ہوئے ہیں اور بین الاقوامی و علاقائی امور میں تعاون اور افرادی و ثقافتی روابط قریب رہے ہیں۔ چینی رہنماؤں نے کہا کہ وہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے ساتھ مل کر چین کی قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس اور پاکستانی سینیٹ کے مابین تبادلوں اور تعاون کو آگے بڑھانے کے لئے کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ چین اور پاکستان کے درمیان چارموسموں کی سٹرٹیجک تعاون کی شراکت داری کو فروغ دیا جائے اور نئے دور میں قریبی چین پاکستان معاشرے کی تعمیر میں تیزی لائی جائے۔