ای روزگار سینٹرزپرفری لانسرز کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، عہدیدار وزارت آئی ٹی

بدھ 17 اپریل 2024 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) حکومت کی جانب سے قائم ای روزگار سینٹرزمیں فری لانسرز کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن میں تیز رفتار انٹرنیٹ، یو پی ایس، ٹریننگ سینٹرز، انفرادی کیبنز، میٹنگ رومز اورعلیحدہ آفس رومز شامل ہیں۔وزارت آئی ٹی کے ایک عہدیدار نے بدھ کو بتایا کہ اس اقدام کا مقصد آئی ٹی کی برآمدات کو سالانہ 10 بلین ڈالر تک لے جانا ہے۔

(جاری ہے)

ایک مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے ذریعے ای روزگار سینٹر سے براہ راست فائدہ عوام کو ہوگا جس سے ملک میں بھاری سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) کو فری لانسرز کو ان مراکز کے لئے ضروری تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے ہیں، تمام دستیاب پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر ایک معروف 'ٹیکنالوجی کا حب' کے طور پر پیش کرناہے۔