Live Updates

د* پنجاب کی کچن کیبنٹ کے فیصلے عوام دشمنی پر مشتمل ہیں: نصراللہ گورائیہ

ھ*گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنا، کاشتکاروں کا استحصال کرنے کے مترادف ہے

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

Uلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) قائمقام امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی نصر اللہ گورائیہ نے کہا ہے کہ پنجاب کی کچن کیبنٹ کے فیصلے عوام دشمنی پر مشتمل ہیں،صوبائی کابینہ کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنا، کاشتکاروں کا استحصال کرنے کے مترادف ہے۔گندم کی امدادی قیمت کم از کم پانچ ہزار مقرر کی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا چاہئے۔پچاس لاکھ ٹن گندم حکومت کے گوداموں میں پڑی ہے۔اس سے پنجاب کے دس لاکھ غریب خاندانوں کو مفت گندم دی جا سکتی ہے،اگر حکومت یہ کام نہیں کر سکتی تو ہمارے سپرد کرئے۔ان خیالات کااظہار انہوںنے کسانوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شعبہ زراعت پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زرعی اجناس کی قیمتیں فصلوں کے رقبے اور پیداوار کی منصوبہ بندی اہم ترین مراحل ہیں جن کا براہ راست تعلق کسانوں سے ہے۔

(جاری ہے)

دور دراز علاقوں میں جہاں مواصلات کا مناسب نظام موجود نہیں ہے، کاشتکاروں کو ملنے والی قیمتیں مرکزی منڈیوں اور بازاروں میں مروجہ قیمتوں کے مقابلہ میں بہت کم ہیں۔چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے لئے کم از کم پانچ لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ دیا جائے تاکہ وہ مشکلا ت کا باآسانی مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کل رقبہ79.6ملین ایکڑ ہے،جس میں سے 23.7ملین ایکڑ،زراعی رقبہ ہے جو کل رقبے کا 28فیصد بنتا ہے۔

اس میں سے بھی8ملین ایکڑ رقبہ زیرِ کاشت نہ ہونے کے باعث بے کار پڑا ہے،پاکستان کی 75فیصد سے زائد آبادی زراعت کے پیشے سے وابستہ ہے۔ملک کی مجموعی قومی پیداوارمیں زراعت کا حصہ 21فیصد ہے۔یہ شعبہ ملک کے 45فیصد لوگوں کے روزگارکا ذریعہ ہے۔مگر اتنا ہی حکومتی بے حسی کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی، تیل، کھاد، زرعی ادویات اور مشینری کی قیمتوں میں اضافہ گندم کی امدادی قیمت میں اضافے سے کئی گنا زیادہ ہے۔

دیہی سڑکوں کے رابطہ کو بہتر بنانا، زیادہ سے زیادہ گوداموں کا قیام، کولڈ اسٹوریج کی سہولیات پیدا کرنا اور اس بات کو یقینی بنا نا کہ پانی اور بجلی کی فراہمی جاری رہے حکومت کے کرنے کے کام ہیں۔ نصر اللہ گورائیہ نے مزید کہا کہ پڑوسی ملک بھارت زراعت کو 100 فیصد سبسڈی دے رہا ہے جس کے نتیجے میں بھارت زرعی اشیا میں نہ صرف خود کفیل ہوگیا ہے بلکہ انہیں برآمد بھی کررہا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات