لله*ضمنی انتخابات:پرویز الٰہی نے پولنگ ایجنٹس اوراپنے حمایتیوں کو ہراساں کرنے کیخلاف عدالت سے رجوع کر لیا

بدھ 17 اپریل 2024 18:10

…لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و تحریک انصاف کے سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی نے ضمنی انتخابات میں ووٹرز اور پولنگ ایجنٹس کو ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔پرویز الٰہی کی جانب سے دائر درخواست میں الیکشن کمیشن، گجرات پولیس اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار پی پی 32 سے ضمنی الیکشن میں امیدوار ہے، پولیس درخواست گزار کے سپورٹرز اور فیملی ممبران کو ہراساں کررہی ہے، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت بھی وکلا ء کو ہراساں کیا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر، پولیس سمیت دیگر مخالف امیدوار کی مکمل سپورٹ کررہے ہیں، صوبائی وزیر شافع حسین حلقے میں مخالف امیدوار کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں، حلقے میں الیکشن قوانین اور ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری کی جارہی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چودھری پرویز الٰہی کے ووٹرز کو پولیس سمیت دیگر کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے، عدالت پولنگ ایجنٹس کو بھی ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کرے، لاہور ہائیکورٹ الیکشن پروسیس میں پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 اور فارم 46 فراہم کرنے کا حکم دے۔