مسلم لیگ (ن ) سعودی عرب کا سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں اعلی سطح وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم

بدھ 17 اپریل 2024 18:16

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )سعودی عرب نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی قیادت میں اعلی سطح وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے دورے کو دونوں ممالک کے اقتصادی،سیاسی اور سماجی تعلقات کیلئے سنگ میل قرار دیا۔سعودی اعلی سطح وفد کے دورکے اختتام پر گزشتہ روز جاری بیان میں سیکرٹری جنرل ن لیگ سعودی عرب عبد الخالق لک نے کہا کہ سعودیہ کے اعلی سطح وفد کے دورے سے ترقی اور امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔

انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے در میان معاشی میدان میں تعاون وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودیہ کی جانب سے معدنیات،نجکاری،پیٹرولیم اور دیگر شعبوں میں بھاری سرمایہ کاری سے معیشت کا پہیہ گھو مے گا اور پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودیہ عرب مشترکہ مذہب اور تاریخ کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔انہوںنے کہاکہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ہر ماہ قیمتی زر مبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں جو ہماری معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن )کی حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں امداد کے بجائے سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے امکانات پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت کے اتبدائی عرصے میں ہی عالمی اداروں نے معاشی بحالی کے حوالے سے اچھی خبریں سنائی ہیں،ورلڈ بینک،آئی ایم ایف،بلوم برگ سمیت دیگر معاشی ایجنسیاں بہتر مستقبل کی نوید سنا رہی ہیں۔پاکستان میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام بھی آئے گا جس کا براہ راست اثر مہنگائی میں کمی پر پڑے گا۔انہوںنے کہاکہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے اگلے برس زرعی اور صنعتی پیداوار بہتر ہوگی۔انہوںنے کہاکہ غذائی اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی۔انہوںنے کہاکہ اصلاحات پر تیزی سے عمل ہوا تو شرح ترقی اسی سال بڑھ سکتی ہے۔پاکستانی خواتین کو مالیاتی شمولیت کے پروگرام میں شامل کیے جانے کی ضرورت ہے۔