دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہر ملک کو بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے،گورنر پنجاب کی روسی سفیر سے گفتگو

بدھ 17 اپریل 2024 18:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2024ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن سے بدھ کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے روس کے سفیر البرٹ کوریو (Mr. Albert Khorev)نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کو خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے حال ہی میں روس میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ میں 140سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے مزید کہا کہ پاکستان کے روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات وقت کے ہرگزرتے لمحے کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی اور اقتصادی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیمی شراکت داری دونوں ممالک کے لیے ترجیحی شعبہ ہونا چاہئے اور دونوں ممالک کے مابین ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے بھی مشترکہ منصوبوں پر مل کر کام کرنا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور زرعی تحقیق کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔گورنر پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی میں رشین زبان سکھانے کے لیے'' رشین لینگویج سینٹر'' کے قیام کو بھی خوش آئند قرار دیا ۔

روس کے سفیر البرٹ کوریو (Mr. Albert Khorev) نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان بہترین اور خوشگوار تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ روس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، ثقافتی اور دیگر شعبوں میں اپنے دو طرفہ تعلقات کومزید مضبوط کرنے کا خواہاں ہے۔گورنر پنجاب نے سفیر کا گورنر ہائوس آنے پر شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں ہر ملک کو اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہئے۔