پ*سریاب میں چوری و ڈکیتی بڑھتے واقعات باعث تشویش ہے، غلام نبی مری

لله*دن دیہاڑے لوگوں سے موبائل اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات روز کا معمول بن چکا ہے ، رہنماء بی این پی

بدھ 17 اپریل 2024 21:30

Uکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اپریل2024ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے کوئٹہ شہر اور خصوصا سریاب کے رہائشی علاقوں رئیسانی گلی، کلی کمالو، امدادیہ گلی اور کیچی بیگ کے حدود میں چوریوں اور بندوق کے زور پر ڈکیتیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن دیہاڑے چوری کی وارداتیں عروج پر پہنچ گئی ہیں اور خاص طور پر نہتے عوام سے موبائل اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات روز کا معمول بن چکا ہے لیکن انتظامیہ اور پولیس والے چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کر رہی ہے جس پر علاقے کے عوام میں شدید بے چینی، خوف و ھراس اور عدم تحفظ کا احساس شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

ہر واردات کے بعد متاثرہ لوگ تھانے میں شکایت درج کرانے کے لئے جاتے ہیں مگر وہاں ان کی شکایت سننے اور کاروائی کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے اور شکایت کرنے والوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جاتا ہے، انہیں بار بار چکر لگوانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی حالت میں عوام کس سے فریاد کرے اور انصاف کے لئے کونسا دروازہ کھٹکٹائی انہوں نے کہا ہے کہ بی این پی عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین اہمیت دیتی ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی بلکہ ہر وقت عوام کے ساتھ ہونے والی ناجائز عمل اور ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے حکام بالا اور پولیس کے اعلی آفیسران سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر اور ہنگامی بنیادوں پر اس معاملہ پر توجہ دے اور عوام کو چوروں اور ڈاکوؤں سے نجات دلانے اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ہم امن و امان کو برقرار رکھنے والی ان انتظامی اداروں کے خلاف جو عوام کے ٹیکسز سے تنخواہیں اور وی آئی پی مراعات تو لیتے ہیں مگر اپنے فرائض منصبی ایمانداری سے پوری نہیں کرتے، بھرپور عوامی احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔