سرکاری ملازمین کے دفتری اوقات کار کا نیا شیڈول جاری

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے رمضان المبارک کے بعد نئے اوقات کار کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 اپریل 2024 10:39

سرکاری ملازمین کے دفتری اوقات کار کا نیا شیڈول جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اپریل 2024ء ) حکومت نے سرکار۔ی ملازمین کے دفتری اوقات کار کا نیا شیڈول جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے رمضان المبارک کے بعد سرکاری ملازمین کے نئے اوقات کار کا اعلان کیا گیا ہے، اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے دفاتر میں ہفتے میں 5 دن کام کے اوقات صبح ساڑھے 8 بجے شروع ہوں گے اور شام ساڑھے 4 بجے ختم ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ ہفتے میں 6 دن کام کرنے والے دفاتر کے اوقات صبح 8بج کر 30 منٹ سے شروع ہوکر سہ پہر 3 بج کر30 منٹ پر ختم ہوں گے، اس دوران وفاقی حکومت کے سرکاری ملازمین کو دوپہر ایک بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک 30 منٹ کا وقفہ دیا جائے گا۔ اسی طرح موسم گرما کی مناسبت سے اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اعلان بھی کردیا گیا ہے، محکمہ تعلیم پنجاب نے صوبے بھر کے اسکولوں کیلئے نئے اوقات کار کا فوری اطلاق کر دیا، محکمہ تعلیم پنجاب کا اپنے اعلامیہ میں کہناہے کہ صوبے بھر میں اسکول صبح 7بج کر45منٹ پر لگیں گے جب کہ چھٹی دوپہر ایک بجکر15منٹ پر ہو گی، جمعہ کے روز چھٹی 11بج کر45منٹ پر ہوگی، ڈبل شفٹ والے اسکول صبح 7بج کر 45منٹ سے 12بجکر 15منٹ اور دوسری شفٹ 12بج کر 45منٹ سے5بج کر15منٹ تک ہو گی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام ایجوکیشن اتھارٹیزکو اس ضمن میں مراسلہ جاری کردیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ فضائی آلودگی کم کرنے کیلئے سکولوں میں پودے لگائے جائیں، سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبا اب پلاسٹک بیگز میں سامان نہیں لاسکیں گے جب کہ کینٹین،کیفے ٹیریا میں بھی شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلے پر پابندی ہوگی۔

مراسلے میں مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ پودے سکول کی چار دیواری کے ساتھ لگائے جائیں، پلے گراونڈز کی خوبصورتی کو خراب کیے بغیر میواکی فارسٹ بھی بنایا جائے، کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے مختلف رنگوں کے کوڑا دان نصب کیے جائیں، ایجوکیشن اتھارٹیز احکامات پر سو فیصد عملدرآمد کروانے کی پابند ہوں گی، سکولوں کی عمارتوں کے باہر شاپنگ بیگز اور پلاسٹک کے تھیلوں کا استعمال ترک کرنے کے بینرز آویزاں کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔