لاہور پولیس کی کارروائی ،پتنگ سازی کے کارخانے پر چھاپہ،10ہزار پتنگیں نذر آتش

ملزمان کے قبضے سے کیمیکل ڈور کی 158چرخیاں بھی برآمد کی گئیں، پتنگ بازی کے سامان کو تلف کرنے کا مقصد عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ خونی کھیل سے باز رہیں،ایس پی سٹی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 16:05

لاہور پولیس کی کارروائی ،پتنگ سازی کے کارخانے پر چھاپہ،10ہزار پتنگیں ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پتنگ سازی کے کارخانے پر چھاپہ مار کر برآمد ہونے والی 10ہزار پتنگوں و دیگر سامان کو نذرآتش کر دیا،ملزمان کے قبضے سے کیمیکل ڈور کی 158چرخیاں بھی برآمد کی گئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا ۔اس حوالے سے ایس پی سٹی قاضی علی کا کہنا ہے کہ بھاٹی گیٹ کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی جس دوران پولیس نے بھاری مقدار میں تیار پتنگوں سمیت ممنوعہ کیمیکل ڈور و دیگر سامان برآمد کیا جنہیں موقع پر ہی آگ لگا کر تلف کر دیا گیا ان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی کے سامان کو تلف کرنے کا مقصد عوام الناس کو آگاہ کرنا ہے کہ خونی کھیل سے باز رہیں۔

ایس ایچ او بھاٹی گیٹ زین کھوکھر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان خفیہ طور پر کافی عرصے سے غیر قانونی کام کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ برآمد ہونے والی تیار پتنگوں کی تعداد 10ہزار سے زائد تھی جبکہ اس کے علاوہ ڈورتیار کرنے میں دیگر سامان سمیت کیمیکل ڈورکی بھاری مقدار بھی برآمد کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد پتنگ بازی کے حوالہ سے کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔

پتنگ بازی اور اسکی خرید و فروخت کا دہندہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔یاد رہے کہ چند روزقبل بھی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران 4035تیار پتنگیں، 158کیمیکل ڈور کے پنے، 3600بانسی تیلے، 200نلیاں اور گڈی پیپر برآمد کرتے ہوئے ملزم آصف کو گرفتار کیاتھا۔ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پتنگیں تیار کر کے مختلف مقامات پر فروخت کرتا تھا۔پولیس نے گرفتار ملزم آصف کیخلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔ایس پی سٹی نے پولیس کو کامیاب کارروائی کرنے پر شاباش د ی تھی ان کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں پتنگ فروشوں اور سازوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور غیر قانونی کام کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :