معاشی حالات چیلنجنگ ، بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے،شہباز شریف

فضول اور شاہ خرچیوں میں کمی لائیں گے ،مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے،وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے، تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 1 مئی 2024 15:44

معاشی حالات چیلنجنگ ، بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے،شہباز ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم مئی 2024 ء) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کے معاشی حالات چیلنجنگ ہیں،مشکلات کے باوجود بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کی کوشش کریں گے،فضول اور شاہ خرچیوں میں کمی لائیں گے ، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو تنگ بنایا ہوا ہے، تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے لیکن یہ مہنگائی کا متبادل نہیں ہے،یہ حقیقت ہے کہ غریب آدمی روز کے اخراجات  بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔

لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آج ملک میں سفارش کا سکہ رائج الوقت ہے، کھربوں روپے کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں اور ڈوب رہے ہیں، انہیں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے۔سرمایہ کار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں، ہر فیکٹری میں ایک پہیہ سرمایہ کار ہے اور ایک محنت کش ہے، سرمایہ کاروں، تاجروں، کاروباری افراد کی دولت پر مزدوروں کا بھی حق ہے، کاروباری حضرات خاندان کے علاوہ محنت کش کے بچوں کی تعلیم، علاج کیلئے منصوبے بنائیں، ایسے منصوبے بنائیں کہ مزدور کا بچہ انجینئر اور ڈاکٹر بنے۔

(جاری ہے)

حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ میرے والد بھی ایک مزور تھے، میرے والد اپنے 6بھائیوں کے ساتھ مل میں مزدوری کرتے تھے۔میرے والد پاکستان بننے سے پہلے لاہور آئے اور 6 بھائیوں کے ساتھ لاہور کی فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے، میرے والد نے لاہور میں کالج میں داخلہ لیا اور شام میں مزدوری کرتے تھے۔

شہباز شریف کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ ملک میں امرا یا کاروباری افراد جو ترقی کرتے اور دولت کماتے ہیں۔ اس میں مزدور کا پسینہ بھی شامل ہے، کیونکہ اس کی محنت کے بغیر سرمایہ کار کی دولت میں اضافہ نہیں ہوتا۔ سرمایہ کار اور مزدور ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔ محنت کش ہم سب کیلئے سرمایہ حیات ہیں، ملک میں بسنے والے تمام کاروباری افراد کی دولت میں مزدوروں کا بھی حق ہے۔

اگر مزدور کو اس کا جائز حق فی الفور نہیں ملے گا تو یہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ اس ملک کے اندر تمام کاروباری افراد کو اللہ توفیق دے کہ وہ ملک کیلئے دولت پیدا کریں مگر اس پر صرف ان کا حق نہیں اس پرآپ سب مزدوروں کا حق ہے۔ہم سب مل کر پاکستان کو انشااللہ اس کا جائز مقام دلوائیں گے اور جلد پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کر لے گا، یہ ملک امیر، غریب، یتیم مسکین سب کا ہے، میں تمام مزدورو کو سلام پیش کرتا ہوں۔کہیں نہیں لکھا کہ مزدور کا بیٹا مزدور اور سرمایہ دار کا بیٹا صرف امیر ہی بنے گا۔