Live Updates

بلال یاسین روٹی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے میدان میں آگئے

صوبائی وزیر خوراک کے ٹیمپل روڈ ،کریم پارک ،ٹھوکر نیاز بیگ پر چھاپے، مہنگی روٹی ،نان بیچنے پر 13 افراد گرفتار، پوائنٹس سیل کر دئیے گئے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 اپریل 2024 12:20

بلال یاسین روٹی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے میدان ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل2024 ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین روٹی کی سرکاری نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے میدان میں آگئے،مہنگی روٹی ،نان بیچنے پر 13 افراد گرفتار، پوائنٹس سیل کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد روٹی کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں جن میں ٹیمپل روڈ، کریم پارک ، گلشن راوی ،بند روڈ ،راجگڑھ ،ٹھوکرنیاز بیگ سمیت دیگر علاقوں میں چھاپے مارے اور مہنگی روٹی و نان فروخت کرنے پر 13افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ کئی تندروں و سیل پوائنٹس کو سیل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقے میں مہنگی روٹی ، نان کی فروخت قابلِ قبول نہیں، ہر حال میں روٹی 16 روپے، نان 20 روپے میں دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

کسی کی دھمکیوں میں نہیں آئیں گے۔ قیمتوں میں کمی سے قبل متعلقہ محکموں نے مکمل ورکنگ کی تھی، آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ مڈل مین کی بجائے عوام کو پہنچنا چاہیے۔دریں اثناءراولپنڈی میں ڈپٹی کمشنرکی طرف سے روٹی کی قیمتوں میں کمی اورقائدین و نان بائیوں کی گرفتاری کیخلاف ضلع بھر کے نان بائیوں نے 3روزہ ہڑتال کر دی،سیکرٹری جنرل نان بائی ایسوسی ایشن خورشید قریشی کا کہنا ہے ابتدائی طور پر یہ ہڑتال 3 روزہ ہے اس میں اضافہ بھی ممکن ہے ڈپٹی کمشنر دفتر باہر دھرنا بھی دیں گے۔

کل سے اسلام آباد راولپنڈی ڈویژن کے تمام 6 اضلاع سمیت پنجاب بھر میں ہڑتال شروع کر رہے ہیں حکومت کی 16 روپے روٹی 2019 کا ریٹ ہے جب آٹا 850 روپے چوری تھی اس وقت آٹا 12 ہزار روپے میدہ 12500 سے 12700 روپے فروخت ہورہا ہے اور بجلی سوئی گیس،سلنڈر گیس قیمتوں میں 1 ہزار فیصد اضافہ ہوچکا ایک طرف 4 روپے روٹی قیمت کم دوسری طرف 8 روپے پٹرولیم مصنوعات بڑھا دی گئیں بے تکی کمی واپس لی جائے وگرنہ لانگ دورانیہ کی ہڑتال پر جاسکتے ہیں۔

نان بائیوں کی تین روزہ ہڑتال کے باعث راولپنڈی کے شہری روٹی نان پراٹھہ سے مکمل محروم ہوگئے۔سکول جانے والوں بچوں اور دفاتر جانے والے شہریوں کو صبح سویرے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تندروں کی بندش سے شہری مشکلات کا شکار رہے اور بڑی تعداد میں شہری بغیر ناشتہ کے دفاتر اور طلبہ وطالبات سکول جانے پر مجبور ہوئے جبکہ اکثریت نے بیکریوں کا رخ کر کے ڈبل روٹی اور رس کی خریداری کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات