کینیڈا،سونے اورکرنسی کی سب سے بڑی چوری، بھارتی اورپاکستانی ملوث

ملزمان میں ایک ایئرلائن کا سابق اور موجودہ اہلکار بھی شامل ہے،مقامی پولیس کا بیان

جمعرات 18 اپریل 2024 13:41

کینیڈا،سونے اورکرنسی کی سب سے بڑی چوری، بھارتی اورپاکستانی ملوث
ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) کینیڈا کی تاریخ میں ٹورانٹو کے پیئرسن ائیرپورٹ پر فلمی اسٹائل میں ہونے والی سونے اور کرنسی کی سب سے بڑی چوری میں بھارتی اور پاکستانی ملوث پائے گئے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ سال زیورخ سے ایک فلائٹ سے ساڑھے 22 ملین ڈالر کا سونا اور کرنسی کا کنٹینر ٹورانٹو پہنچا تو ائیرپورٹ کے اندر کارگو ہولڈنگ سے ٹرک پر لاد کر چوری کر لیا گیا۔

اس میں 20 ملین ڈالر کا خالص سونا اور ڈھائی ملین ڈالرز کے غیر ملکی کرنسی نوٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

کینیڈا اور امریکا کی پولیس نے اس تاریخی واردات کی مشترکہ تحقیقات کیں اور متعدد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ ٹورنٹو کی مقامی پولیس کے مطابق ملزمان میں ایک ایئرلائن کا سابق اور موجودہ اہلکار بھی شامل ہے۔ پیل ریجنل پولیس کے سربراہ ڈیوریپاہ نے مذکورہ واردات کے ایک سال مکمل ہونے پر پریس کانفرنس میں تفصیلات بتائی ہیں۔ ملزمان میں پرمپال سدھو، سمرن پریت، کنگ میکلین، پرساد پرمالنگم، امیت جلوٹا، عماد چوہدری، علی رضا، آرچیت گروور اور ارسلان چوہدری شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں چوری کا سونا خریدنے والے بھی شامل ہیں۔