یو این آر ڈبلیو اے کو ختم کرنے کا مطالبہ فلسطینیوں کی بطور پناہ گزین حیثیت ختم کرنے کی کوشش ہے ، فلپ لازارینی

جمعرات 18 اپریل 2024 15:51

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی کے سربراہ فلپ لازارینی کا کہنا ہے کہ ایجنسی کو ختم کرنے کے نتیجے میں لاکھوں فلسطینی پناہ گزین کی حیثیت سے محروم ہو جائیں گے۔عرب نیوز کے مطابق فلپ لازارینی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ادارے کو ختم کرنے کے فلسطینیوں پر دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اس اقدام سے غزہ میں قحط کا جلد آغاز ہو جائے گا، صدمے سے دوچار آبادی ضروری سروسز سے محروم ہو جائے گی اور جنگ بندی سے بحالی کی طرف منتقلی کو خطرہ لاحق ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کے کچھ اثرات طویل مدتی ہوں گے۔ یہ صدمے کا شکار لڑکیوں اور لڑکوں کو سیکھنے کے عمل کی طرف واپس لانے کے کام کو ناممکن بنا دے گا۔

(جاری ہے)

فلپ لازارینی نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے یو این آر ڈبلیو اے کو بند کرنے کے مطالبات کی اصل وجہ انسانی اصولوں کی پاسداری نہیں بلکہ لاکھوں فلسطینیوں کی پناہ گزین کی حیثیت کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اصل مقصد مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امن کے لیے دیرینہ ’سیاسی پیرامیٹرز‘ کو تبدیل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کی فراہمی میں ناکامی ایک پوری نسل کو مایوسی، غصے اور تشدد کے ایک نہ ختم ہونے والے سلسلے میں مبتلا کر دے گی۔

اسرائیلی حکام طویل عرصے سے اقوام متحدہ کے ادارے کو غزہ میں بند کرنے اور مکمل طور پر ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کے جواب میں اُردن کی جانب سے کونسل کے اجلاس کی درخواست کی گئی تھی۔اجلاس کا آغاز غزہ میں جنگ کے دوران یو این آر ڈبلیو اے کے ہلاک ہونے والے 178 ملازمین کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ایجنسی کو غزہ میں فلسطینی شہریوں کو انسانی بنیادی امداد فراہم کرنے کی کوششوں میں بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔