وزیر اعظم غیر ملکی سرمایہ کاری کے مشن پر کام کر رہے ہیں،حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی ،شیزا فاطمہ

جمعرات 18 اپریل 2024 17:56

وزیر اعظم غیر ملکی سرمایہ کاری کے مشن پر کام کر رہے ہیں،حکومت آئی ٹی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف غیر ملکی سرمایہ کاری کے مشن پر کام کر رہے ہیں،حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی ،پاکستان میں ٹیکنالوجی کا شعبہ ترقی کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں آئی ٹی سی این ایشیا نمائش کی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

وزیر مملکت شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان ڈیجیٹل ترقی کی جانب گامزن ہے،پاکستان کو آئی ٹی حب بنائیں گے،آئی ٹی سب شعبوں کی ترقی کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال 10 ہزار آئی ٹی گریجوایٹس پیدا کرر ہا ہے،حکومت آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کرے گی اور اس شعبے کو فروغ دینے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ بزنسز کو سپورٹ کیا جائے اور اس میں ہر قسم کی رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور اس سلسلے میں نجی شعبے کو ہرقسم کی سپورٹ فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایکو سسٹم کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ایکو سسٹم،پالیسی سازی اور ساز گار ماحول کی فراہمی سمیت ہر طرح سے آپ کے ساتھ تعاون کریں گے،سمارٹ اپس ،ایکو سسٹم پر توجہ دے رہے تاکہ نوجوانوں کیلئے مواقع بڑھیں،اس حوالے سے بجٹ میں وافر فنڈز رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نالج بیسڈ اکانومی کی ترقی کیلئے اقدامات کررہے ہیں،حکومت ٹیکنالوجی پارکس میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کررہی ہے، نوجوانوں کو سمارٹ فون،لیپ ٹاپ کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،اب ڈیوائس پاکستان میں تیار ہورہی ہیں،جلد ہی اسے برآمد بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم یوتھ پروگرام کے تحت ہزاروں نوجوانوں کو فری تربیت دی گئی جبکہ خواتین کو با اختیار بنانے پر توجہ دی جارہی ہے،پاکستان کا شمار تین بڑے فری لانس ملکوں میں ہوتا ہے،جامع اور پائیداربنیادوں پر ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ہمارے حالیہ اقدامات میں سے ایک پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ ہے جو خود کفالت اور ترقی کی طرف ہمارے سفر میں اہم کردار ادا کر رہاہے، امید افزا اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرکے ہم نہ صرف مالی مدد فراہم کر رہے ہیں بلکہ ہم لاتعداد کاروباریوں کے خوابوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں اور ایک ایسے ماحولیاتی نظام کو فروغ دے رہے ہیں جہاں تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی حد نہیں ہے۔

شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ہماری حکومت نے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے جس پر ہمارے ڈیجیٹل خواب پروان چڑھ سکتے ہیں جس کے تحت ملک بھر میں 40سے زیادہ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز کا قیام شامل ہے، یہ صرف عمارتیں یا جگہیں نہیں ہیں بلکہ یہ تخلیقی صلاحیتوں کا گہوارہ ہیں جو جدید ترین سہولیات، مضبوط حفاظتی اقدامات اور تخلیقی صلاحیتوں اور تعاون کو فروغ دینے کیلئے بنائے گئے ہیں جہاں ہر قسم کے وسائل موجود ہیں، جدت کے فروغ میں اسٹارٹ اپس اور ملٹی نیشنل کارپوریشنز اپنی یکساں کاوشوں سے انہیں کامیابی کی بلندی پر پہنچانے کیلئے سرکرداں ہ ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مرکز کے طور پر پیش کرنا ہے، ہماری اجتماعی کوششیں اور ہمارامشترکہ وژن اس عزم کو بھرپور قوت سے پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ آخر میں اس میگا ایونٹ کے منتظمین کو اس شو کو کامیابی کے ساتھ ترتیب دینے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ آئی ٹی سی این کا بنیادی مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں، پالیسی سازوں، اور کاروباری رہنمائوں کو بصیرت، تجربات، اور روابط استوار کرنے کے لیے اکٹھا کرنا ہے،یہ فورم پاکستانی فرموں اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے درمیان خلیج کو ختم کرنے پر بھی زور دے گا جبکہ ہم متحد ہو کر ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔