فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کے متعلق تحریری فیصلہ جاری

فواد چوہدری کی سات دن کی مہلت کا وقت 18 اپریل سے شروع ہوگا

جمعرات 18 اپریل 2024 19:39

فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کے متعلق تحریری فیصلہ جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر فواد چودھری کی عبوری ضمانتوں کی درخواست کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا،عدالت نے 36 کیسز میں عبوری ضمانت دائر کرنے کے لیے فواد چوہدری کو سات دن کی مہلت دے دی، عدالت نے رجسٹرار آفس کو درخواست 18 اپریل کو چیف جسٹس کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

عدالت عالیہ کے تحریری فیصلہ میں لکھا گیا کہ فواد چودھری کا سات دنوں کا وقت 18 اپریل سے شروع ہوگا، فواد چودھری ویڈیو لنک کے ذریعے عدالتوں میں پیش ہوں گے، فواد چودھری 36 کیسز میں ضمانت کی درخواستیں دائر کریں گے۔لاہور ہائیکورٹ کے تحریری فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ رجسٹرار آفس مناسب احکامات کیلئے درخواست چیف جسٹس کے روبرو پیش کریں، فواد چودھری عبوری ضمانتوں میں ٹھیک 10 بجے ویڈیو لنک پر ماتحت عدالتوں میں پیش ہوں گے جبکہ سیشن کورٹ لاہور کے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری لگوائیں گے۔