آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کی زیر صدارت تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

جمعرات 18 اپریل 2024 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ صنفی جرائم، سماجی عدم تحفظ، استحصال اور تشدد کا شکار افراد کی مدد کیلئے تحفظ سنٹرز کے پلیٹ فارم سے آؤٹ ریچ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور سماجی مشکلات کے شکار زیادہ سے زیادہ افراد کو مدد اور تحفظ فراہم کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں تحفظ مرکز و میثاق سنٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔

صوبے کے تمام ڈی پی اوز اور وکٹم سپورٹ افسران کی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت، تمام اضلاع کی کارکردگی پر جائزہ لیا گیا۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا کہ ٹرانسجینڈرز اور خواتین سے متعلقہ ایشوز پر فعال کاروائی کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے بالخصوص صنفی جرائم کا شکار خواتین کی مدد، بے گھر بچوں کے تحفظ اور ٹرانسجینڈرز افراد کی معاونت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ الائیڈ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے محروم طبقات کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ وکٹم سپورٹ افسران کے جاب کنٹریکٹ میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی، آئی جی پنجاب نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر وارننگ دینے کا عندیہ دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ میثاق سنٹرز کے پلیٹ فارم سے اقلیتی شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے، تمام ڈی پی اوز تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کے اچانک دورے کرکے کارکردگی کا جائزہ لیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ مستحق شہریوں اور بچوں کی مدد کیلئے تمام اضلاع میں تحفظ منزل اور تحفظ درسگاہ کے پراجیکٹس کا قیام عمل میں لائیں گے۔

اجلاس میں تمام ڈی پی اوز اور وکٹم سپورٹ افسران نے تحفظ مراکز اور میثاق سنٹرز کی کارکردگی بارے بریفنگ دی ۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر کہاکہ تحفظ مرکز کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کے پلیٹ فارم سے زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مدد و تعاون فراہم کیا جائے ۔ عمارہ اطہر نے کہاکہ خواتین شہریوں کے مسائل کے ازالے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، تحفظ سنٹرز کو درکار وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آئے گی، سپروائزری افسران اس حوالے سے ترجیحی اقدامات یقینی بنائیں ۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر، ڈی پی او قصور طارق عزیز، ایس ایس پی آپریشنز لاہور علی رضا اور اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی بھی اجلاس میں موجود تھے۔