وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کی وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام سے ملاقات

جمعرات 18 اپریل 2024 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔وزارت کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے انجینئر امیر مقام کو وفاقی وزیر برائے کشمیر و گلگت بلتستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انجینئر امیر مقام نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے اور عوام سے مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گلگت بلتستان کو گندم کی قلت کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،وفاقی حکومت اس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان رفیق جواد ملک اور انسپکٹر جنرل گلگت بلتستان افضل محمود بٹ بھی موجود تھے۔