nپنجاب بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 589 افراد شدید زخمی

جمعرات 18 اپریل 2024 21:15

+لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2024ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1124 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 589 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 681 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (72فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 616 ڈرائیوز، 30 کم عمرڈرائیور، 510 مسافراور 156 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ235 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 261 متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 83 حادثات میں 98متاثرین کے ساتھ دوسرے ملتان 70 حادثات میں 82 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبرپر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1282 متاثرین میں 985 مرد اور 285 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 216 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم اور 683 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40سال کے درمیان جبکہ 383 زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 985 موٹر سائیکلز، 71 آٹو رکشے، 141 کاریں، 36 وین، 7 مسافر بسیں ، 21 ٹرک اور83 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔