Live Updates

وزیر اعلی کی کرتارپور آمد، گندم کا خوشہ کاٹ کر بیساکھی کا آغاز کیا، مریم نواز کی سکھ زائرین کو پنجاب میں سیاحت کی دعوت

جمعرات 18 اپریل 2024 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرتارپور راہداری زیرو لائن کا دورہ کیا اور کھیتی صاحب میں سنہری درانتی سے گندم کا سنہرا خوشہ کاٹ کر بیساکھی کا باضابطہ آغاز کیا۔ وزیر اعلی نے بابا گرونانک کے کھیت میں کٹائی کا اعزاز حاصل کرنے پر مسرت کا اظہار جبکہ مریم نواز کی پاک درشن ڈیوڑھی آمد پر سکھ زائرین نے پرتپاک استقبال کیا۔

سکھ خواتین نے ہاتھ جوڑ کر وزیر اعلی کو گرمجوشی سے سلام کیا، مریم نواز کو فیسلیٹیشن سنٹر کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلی نے سروور (مقدس تالاب) اور سمادھی (پریئرہال)کا بھی دورہ کیا جہاں سکھ نوجوانوں نے روایتی گتکے کا مظاہرہ کیا۔ مریم نواز نے گورو گھر حاضری دی اور سنگت کے درشن کئے۔

(جاری ہے)

دلی گوروبند کمیٹی کے سربراہ ریمندر سنگھ بمراہ نے وزیر اعلی مریم نواز کو سروپا (شال)پہنایا۔

دلجیت سنگھ سرناں نے وزیر اعلی کو کرپان اور دیگر تحائف پیش کئے جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کو بھی سروپا پہنایا گیا اور تحائف دئیے گئے۔ سمادھی میں گرانتھی سربراہ نے دعا سے تقریب کا آغاز کیا۔ صوبائی وزیر مذہبی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیر اعلی کا خیر مقدم کیا۔ بھارت سے آنے والے سکھوں کے جتھہ لیڈ ر نے مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

بھارتی سکھ جتھہ لیڈر نے وزیر اعلی کے اقدامات اور انتظامات کو سراہا۔ سکھ جتھہ لیڈر نے کہا کہ پنجاب کی بیٹی کا وزیر اعلی بننا ہم سب کا مان ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سکھ وفد کو جی آیاں نوں کہا۔ وزیر اعلی مریم نواز نے مقدس کنویں کا بھی معائنہ کیا اور سکھ آرٹ گیلری بھی دیکھی،سکھ لنگر ہال میں یاتریوں کے ساتھ بیٹھ کرکھانا کھایا۔

وزیر اعلی کی ابلے چاول،کڑھی پکوڑے،مونگ کی دال، گڑ والے چاول، روٹی اچار سے تواضع کی گئی۔ مریم نواز نے کھانے کے معیار کو سراہا،لنگر ہال میں موجود زائرین سے بات چیت کی اور سکھ زائرین کو پنجاب میں سیاحت کی دعوت دی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی وزرا، رمیش سنگھ اروڑہ، بلال اکبر، سید عاشق حسین کرمانی، ایم این اے انوار الحق، ایم پی اے وسیم بٹ، رانا منان، سیکرٹری سیاحت، سیکرٹری ایگریکلچر،سیکرٹری زراعت، کمشنر اور دیگر حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات