سٹاک مارکیٹ میں اضافہ غیر ملکی خریداروں کا بڑھتا ہوا رحجان ہے،محمد اورنگزیب

پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک بڑے اور توسیعی پروگرام پر بات کر رہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ کی برطانوی وزیر مملکت،سعودی فنڈفارڈویلپمنٹ کے سی ای او ودیگر سے ملاقاتیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 19 اپریل 2024 11:47

سٹاک مارکیٹ میں اضافہ غیر ملکی خریداروں کا بڑھتا ہوا رحجان ہے،محمد ..
واشنگٹن(ادو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل2024 ء) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں اضافہ غیر ملکی خریداروں کا بڑھتا ہوا رحجان ہے،پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈ کی بروقت ادائیگی کر دی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک بڑے اور توسیعی پروگرام پر بات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے سٹی بینک ،برطانوی وزیر مملکت برائے ترقی اینڈریو مچل او رسعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او سے ملاقاتیں کیں۔

محمد اورنگزیب نے برطانوی وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی۔ملاقات میں وفاقی وزیرخزانہ نے سازگار اقتصادی اشاریوں ،اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق آگاہ کیا۔ملاقاتوں کے دوران وزیر خزانہ نے بینک حکام کو مثبت معاشی اشاریوں پر بریفنگ دی، انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ طے پانے والے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدے بارے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر مملکت برائے ترقی اینڈریو مچل سے بھی ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے تعلیم، صحت اور مالیاتی شعبوں میں طویل المدتی شراکت داری پر زور دیا اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کو پاکستان میں بینک کے قابل منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں تعلیم، صحت، مالیاتی شعبوں میں طویل المدتی شراکت داری کا اعتراف کیا گیا اور پاکستانی وزیر نے برطانوی وفد کوپاکستانی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیر خزانہ نے برطانوی وزیر کے اگست میں شیڈول دورہ پاکستان پرپیشگی خیرمقدم کیا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر خزانہ نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او سلطان عبدالرحمن المرشد سے بھی ملاقات کی۔وزیر خزانہ نے حالیہ دورہ سعودی عرب اور سعودی وفد کی آمد کے بارے میں بریفنگ دی، ملاقات میں جاری منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں کراچی سے چمن تک این 45 کی تعمیر اور دیامیر بھاشا ڈیم کی فنڈنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کیلئے قابل عمل منصوبے پیش کرے گا۔