پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور

جمعہ 19 اپریل 2024 13:19

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے، عوام پر بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے جس کی وجہ سے حکومت نے سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں 45 ارب روپے خود برداشت کئے ہیں۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں عالیہ کامران کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہماری پٹرولیم مصنوعات کی ملکی پیداوار کم ہے ہمارا تمام تر دارومدار ان مصنوعات کی درآمد پر ہے۔ حکومت ہر15 دنوں کے بعد قیمتوں کا عالمی مارکیٹ کو سامنے رکھ کر تعین کرتی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ چند دنوں میں ساڑھے چار ڈالر فی بیرل تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی حکومت نے عوام کو مناسب قیمتوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فر اہمی کیلئے سیلز ٹیکس اور پیٹرولیم لیوی کی مد میں 45 ارب روپے کا بوجھ برداشت کیا ہے۔ عالیہ کامران کے سوال کے جواب میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قیمتوں کا تعین ہر پندرہ روز کے بعد تمام تر اخراجات اور ڈالر کی قیمت کو مدنظر رکھ کر کیا جاتا ہے۔ حکومت کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ نعیمہ کشور خان کے سوال کے جواب میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ 3.82 اور 4.30 ڈالر فی بیرل عالمی مارکیٹ میں اضافے کو مدنظر رکھ کر کیاگیا ہے۔