ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب سے یو این ایف پی اے پاکستان کے وفد کی ملاقات

جمعہ 19 اپریل 2024 16:44

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اور یو این ایف پی اے پاکستان کے اشتراک سے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں صوبہ کادوسرا اینٹی ریپ کرائسز سیل قائم کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب سے صالحہ رامے اور تانیہ درانی پر مشتمل یو این ایف پی اے پاکستان کے دو رکنی وفد نے یہاں ان سے دفتر میں ملاقات کی۔

سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب انجینئر امجد شعیب خان ترین بھی موجود تھے۔دوران ملاقات بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں اینٹی ریپ کرائسسز سیل کے قیام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹیکنیکل سپیشلسٹ صالحہ رامے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وکٹوریہ ہسپتال میں اینٹی ریپ سیل کے قیام کےلئے انفرا سڑکچر کی پروکیورمنٹ شروع کر دی گئی ہے،اینٹی ریپ کرائسسز سیل کے قیام سے خطے میں جنسی ذیادتی کا شکار خواتین کے طبی معائنہ کے شواہد محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ خواتین کی مدد کے لئے ہیلپ لائن 1737 بہت جلد لانچ کردی جائے گی، جنسی زیادتی اور گھریلو تشدد کا شکار خواتین ہیلپ لائن پر کال کرکے مدد طلب کر سکیں گی،ہیلپ لائن کو سافٹ وئیر پروگرام سے منسلک کیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ اینٹی ریپ کرائسسز سیل کے قیام سے جنسی زیادتی کا شکار خواتین کو انصاف کے حصول میں مدد ملے گی،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور میں اینٹی ریپ سیل کے قیام کے لئے مکمل سپورٹ فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان میں قائم اینٹی ریپ کرائسسز سیل بطور ماڈل اپنایا جائے گا،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اور ڈویژنل انتظامیہ سیل کے قیام کے لئے مکمل معاونت فراہم کریں گے،ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب کو سیل کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کا ممبر بنایا جائے۔ پروگرام آفیسر تانیہ درانی نے کہا کہ یو این ایف پی اے اینٹی ریپ سیل کے قیام کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہا ہے،یو این ایف پی اے جنوبی پنجاب میں فیملی پلاننگ اور چائلڈ پروٹیکشن کے شعبہ میں بھی کام کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :