جب تک خواتین کو انکا جائز مقام نہیں ملتا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا ،عرفان مفتی

جمعہ 19 اپریل 2024 17:13

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) ہمیں خواتین کے حقوق کی بالادستی کےلئے روا استحصال کے خلاف ملکر آوز بلند کرنی ہے جب تک خواتین کو انکا جائز مقام نہیں ملتا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہار صدر بیداری عرفان مفتی نے مقامی ہوٹل میں ضلع سیالکوٹ میں مقامی حکومتوں کو مضبوط بنانے کے 2 سالہ پروگرام کی رزلٹ شیئرنگ کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں "بیداری'' کے زیر اہتمام بلدیاتی اداروں اور انتخابی طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے پروگرام کا دوسرا فیس کامیابی سے مکمل کرلیا گیا، اپنی مدد آپ کے تحت عوام کے باہمی تعاون سے 140 دیہات میں درجنوں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے جبکہ،ضلع سیالکوٹ میں85 ہزار خواتین کے قومی شناختی کارڈز بنوائے گے جس کی وجہ سے پراجیکٹ میں شامل دیہات میں الیکشن میں65.17 فیصد خواتین نے ووٹ کاسٹ کئے گئے اور مجموعی طور پر 17.65 فیصد زائد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر سیالکوٹ فصیح الدین، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر شریف گھمن، چیف ایگزیکٹو بیداری پروفیسر ارشد محمود مرزا، وائس پریزیڈنٹ حنانورین، پروگرام کوآرڈینیٹر ساجد اقبال خان، سماجی کارکن عبدالشکور مرزا، حافظ محمد احسن ،رانا بیداد خان، سابق چیئرمین یونین کونسل اقبال گھمن ، احمد رضا چیمہ سٹیشن ڈاریکٹر ایف ایم ریڈیو، صدر سمبڑیال بار ایسوسی ایشن اعجاز اسلم گوندل ، سیکٹری بار ذیشان صدف گجر، سابقہ صدر بار محمد امجد خان ایڈووکیٹ لاہور سے وائیس ادارے کے نمائندے، اور نوجوان حذیفہ خان کے علاؤہ ملکی و غیر ملکی مبصرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ فاروق احمد کھارا نے کہا کہ فعال لوکل گورنمنٹ سسٹم سے ہی مقامی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر فصیح الدین نے کہا کہ خواتین آبادی کا 50 فیصد ہیں اور کو انتخابی عمل میں شامل کئے بغیر جمہوریت کے ثمرات حاصل نہیں کئے جاسکتے۔ بیداری نے ایسی خواتین جو شناختی کارڈ نہیں رکھتی جو ان کو قانونی حق ہے کو شناختی کارڈ بنوا کر ان کے حقوق کا تحفظ کیا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفئیر شریف گھمن نے کہا ہے کہ معاشرے کو باشعور اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں غیر سیاسی و غیر سرکاری فلاحی کا کردار انتہائی اہم اہمیت کا حامل ہے ،حکومت معاشرے میں شعور اجاگر کرنے اور ہیومین ڈویلپمنٹ پر کام کرنے والے فلاحی تنظیموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیداری کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ہمیشہ انہوں نے معاشرے کے ایسے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے جن کو حل کرنے میں ریاست کو کمیونٹی کی عملی شراکت درکار رہی ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔