کراچی،جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خودکش دھماکے سی سی ٹی وی سامنے آگئی، دو دہشتگرد مارے گئے

جمعہ 19 اپریل 2024 19:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔جمعہ کی صبح 7 بجے کے قریب لانڈھی کے علاقے مرتضی چورنگی کے قریب 5 غیر ملکی افراد ہائی ایس وین میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک خود کش دھماکا ہوگیا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں پانچوں جاپانی محفوظ رہے، تاہم ان کے ساتھ موجود ایک سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا، خودکش دھماکے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جبکہ گاڑی کے پیچھے ایک اور خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا جو پولیس مقابلے میں مارا گیا۔پولیس مقابلے میں ایک اہلکار شدید زخمی ہونے کے بعد دم توڑ گیا، واقعے میں ایک سیکیورٹی گارڈ سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں پولیس اہلکار کو دہشت گرد سے مقابلہ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔