نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں،صوبائی وزیر صحت

جمعہ 19 اپریل 2024 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر محکمہ صحت و ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہے ہیں،پنجاب میں نرسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید تربیت کو ترجیح دی جائے گی۔ نرسنگ کے شعبہ کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بیماریوں پر قابو پانے کیلئے تشخیص پر بھی کام ہو رہا ہے۔یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام میں بہتری لا رہے ہیں۔نظام صحت کی بہتری کیلئے ہمیں آئوٹ آف دی بوکس حل تلاش کرنے ہوں گے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کروا رہے ہیں۔2017 میں محمد شہباز شریف کی قیادت میں سنٹرل انڈیکشن پالیسی متعارف کروائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے بنیادی مراکز صحت کے حالات بہتر کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔بنیادی مراکز صحت کو کھنڈرات سے بدل کر ہسپتالوں کی شکل میں لانا چیلنج ہے۔اگلے ایک سال میں سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہت بہتر ہوں گے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کی بہتری کیلئے چالیس ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے،سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس شروع کروانا چاہتے ہیں،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبوں کا ہمیشہ فائدہ عوام کو ہی ہوتا ہے،سرکاری ہسپتالوں میں فنانشل ماڈل لانا چاہتے ہیں۔

وزیرصحت نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے،ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا،پنجاب میں بہت جلد کلینک آن ویلز کے منصوبے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں،محکمہ صحت میں سو فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے،سرکاری ہسپتالوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو مزید فروغ دیں گے۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب کو حادثات میں واضح کمی لانے کیلئے روڈ میپ بنانے کی ہدایت کی۔چیئرمین نیشنل سنٹر فار ہیلتھ کیئر ورکرز امریکہ شہاب تنویر نے کہا کہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی نظام صحت کی بہتری کیلئے کاوشوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،نرسنگ کے شعبہ کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب سے مکمل تعاون کرنا چاہتے ہیں۔