Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں باجا بجانے اور شور کرنے پر جمشید دستی اور اقبال خان کی رکنیت معطل کردی

جمعہ 19 اپریل 2024 22:29

سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان میں باجا بجانے اور شور کرنے پر جمشید دستی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2024ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان میں باجا بجانے اور شورشرابہ کرنے پر رکن اسمبلی جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی رکنیت معطل کر دی،قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں جاری ہے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے دوران ایم این اے جمشیددستی کی جانب سے ایوان میں باجا بجایا گیا تھا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مشترکہ اجلاس سے جوں ہی خطاب شروع کیا تھا تو ایوان میں اپوزیشن اراکین اسمبلی نے شورشرابا شروع کردیا تھا۔ اپوزیشن اراکین نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے خطاب کے آغاز میں ہی گو زرداری گوکے نعرے لگانے شروع کر دئیے تھے جبکہ پی ٹی آئی اراکین وزیراعظم عمران خان کے نعرے لگاتے رہے تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی اراکین نے عمران خان کی رہائی کے پوسٹر ایوان میں لہراتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

آصف زرداری کے خطاب کے دوران پورا وقت ایوان میں نعرے بازی ہوتی رہی تھی۔جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے آج ایکشن لیتے ہوئے اسمبلی قوانین کی خلاف ورزی پر دونوں اراکین اسمبلی جمشید دستی اور محمد اقبال خان کی رکنیت معطل کر دی۔قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے باقائدہ تحریک پیش کرنی ہے کہ ایوان نے صدر کے خطاب پر بحث کرنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر تحریک پر بحث کرے گا، اراکین اس پر بات کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئینی اور قانونی چیزوں کا فقدان ہے، مہنگائی کے مسائل ہیں، یہ چیزیں ٹیک اپ ہونی چاہئیں۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے حلف اٹھایا ہے کہ آئین کی پاسداری کریں گے، خلاف ورزی ہو رہی ہے، صدر کے خطاب پر بحث شروع کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات