پنجاب میں 23 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا

گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ،ژالہ باری کاامکان ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

جمعہ 19 اپریل 2024 20:35

پنجاب میں 23 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں 23 اپریل سے بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گا۔ اپر پنجاب کے علاقوں میں 23اپریل کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔ 26 سے 29 اپریل اپر پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش اور ژالہ باری کاامکان ہے۔ 18 سے 21اپریل کے دوران بارشوں کا الرٹ پہلے ہی سے پنجاب بھر میں جاری کیا جاچکا ہے۔

کسان گندم کی فصل کی کٹائی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ چوبیس گھنٹے الرٹ ہے۔ موسم کی نئی صورتحال سے بھی صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کردیا گیاہے۔ پی ڈی ایم اے لمحہ بہ لمحہ موسمی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو ادارے، ضلعی انتظامیہ کے لئے اگلے دس دن انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

قدرتی طوفان، بارشوں سے کم سے کم نقصان ہو، اس کے لئے ہرممکن کوشش کی جائیگی۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے انتظامیہ کو نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس میں موسمی تبدیلیوں بارے شعور اجاگر کرنا ضروری ہے۔ شہریوں سے گزارش طوفان میں بجلی کے کھمبوں سے دوررہیں۔ ایمرجنسی میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ رکھیں۔