یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں یوتھ روبو ٹک 24 کے میگا ایونٹ ، عبد الکریم تورڈھیر نے افتتاح کردیا

ہفتہ 20 اپریل 2024 15:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور میں تین روزہ ’’یوتھ روبو ٹک 24 ‘‘کے نام سے ملکی سطح کے میگا ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب گزشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی کے شعبہ میکاٹرانکس انجینئرنگ حیات آباد میں منعقد ہوئی جس کا انعقاد نیشنل سنٹر آف روبوٹکس اینڈ آٹومیشن یو ای ٹی پشاور کے زیر اہتمام ہوا ۔

تقریب میں ملک بھر کے تعلیمی اداروں بشمول کامسیٹس، ایئر یونیورسٹی،غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی،یوای ٹی ٹیکسلا، ہائیٹیک یونیورسٹی، ہزارہ یونیورسٹی اور دیگر کئی تعلیمی اداروں سے پانچ سو سے زائد شرکا نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تین روزہ ایونٹ میں مختلف مقابلے اور تفریحی سرگرمیاں ہوں گی اور خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کے طلبا کے لیے مفت رجسٹریشن کے ساتھ سٹیم ورکشاپ بھی ہو گی۔

’’یوتھ روبو ٹک24 ‘‘ ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا،ڈائریکٹریٹ یوتھ افیئر خیبر پختونخوا، بینک آف خیبر، یو بی ایل اور سٹروم فائبر لمیٹڈ کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ روبوٹک ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے وزیراعلی کے معاون خصوصی عبدالکریم تورڈھیر نے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں گزشتہ تین سالوں سے یوتھ روبو ٹک ایونٹ کے انعقاد پر یو ای ٹی پشاور کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے نوجوانوں کو ان کے تخلیقی خیالات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور حکومتی سطح پر سٹارٹ اپس کے لئے دئیے جانے والے قرضوں اور گرانٹس بارے بھی آگاہی دی۔ انہوں نے طلباپر زور دیا کہ وہ کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دیں اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت یونیورسٹیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون سے تربیت اور سرٹیفیکیشن کورسز کا بھی آغاز کرے گی۔

تقریب سے چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف میکیٹرونکس انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر طاہر خان نے کہا کہ تین روزہ ایونٹ میں کئی دلچسپ سرگرمیاں اور مقابلے شامل ہیں۔اس طرح ایونٹ کے شرکا کئی مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خیبر پختونخوا ڈاکٹر تازہ گل، پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین سابقہ وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ ٹریثرریو ای ٹی پشاور، فیکلٹی ممبران اور سرکاری افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔