شیری رحمان کا بارشوں سے ہلاکتوں اور نقصان پر اظہار تشویش

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:41

اسلام ا ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں اور نقصانات پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث81 افراد جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے، بارشوں کی وجہ سے 200 سے زائد مکانات کو بھی نقصان ہوا ہے،بارشوں میں بلوچستان، خیبر پختون خواہ اور آزاد کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کے ضائع ہم سب کیلئے ایک خطرے کی گھنٹی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مون سون سے پہلے اس طرح کی بارشیں باعث تشویش ہیں، 29 اپریل تک بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث این ڈی ایم اے نے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے، غیر متوقع اور غیر معمولی طوفانی بارشوں کا سلسلہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی علامت ہے، ہمیں پہلے سے زیادہ محتاط اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے، انتظامی اداروں کو 2022 جیسی بڑی تباہی سے بچنے کیلئے پیشگی اور ہنگامی اقدامات لینے ہونے، شیری رحمان نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم 2022 کے سیلاب سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں اور ہم تاریخ کو نہیں دہرائیں گے۔