شیری رحمان کاطوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں ،نقصانات پر اظہار افسوس

مون سون سے قبل ایسی بارشیں باعث تشویش ہیں، انتظامی اداروں کو 2022 جیسی بڑی تباہی سے بچنے کیلئے پیشگی ،ہنگامی اقدامات لینے ہونگے،رہنماء پیپلز پارٹی

ہفتہ 20 اپریل 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں اور نقصانات پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث81 افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی صدمہ ہوا ہے۔بارشوں کی وجہ سے 200 سے زائد مکانات کو بھی نقصان ہوا ہے۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے کہا کہ بارشوں میں بلوچستان، خیبر پختون خواہ اور آزاد کشمیر میں قیمتی انسانی زندگیوں کے ضائع ہم سب کیلئے ایک خطرے کی گھنٹی ہے اور مون سون سے پہلے اس طرح کی بارشیں باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 29 اپریل تک بارشیں متوقع ہیں جس کے باعث این ڈی ایم اے نے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ غیر متوقع اور غیر معمولی طوفانی بارشوں کا سلسلہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی علامت ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ ہمیں پہلے سے زیادہ محتاط اور چوکنا رہنے کی ضرورت ہے اور انتظامی اداروں کو 2022 جیسی بڑی تباہی سے بچنے کیلئے پیشگی اور ہنگامی اقدامات لینے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم 2022 کے سیلاب سے بہت کچھ سیکھ چکے ہیں اور ہم تاریخ کو نہیں دہرائیں گے۔