سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کیویز کو شکست، پاکستان نے باآسانی فتح حاصل کر لی

شاہین آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رضوان کے 45 رنز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2024 22:09

سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کیویز کو شکست، پاکستان نے باآسانی فتح ..
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 اپریل 2024ء ) سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کیویز کو شکست، پاکستان نے باآسانی فتح حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 18.1 اوور میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3، محمد عامر، ابرار احمد اور شاداب خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

نیوزی لینڈ کا کوئی بھی بیٹر پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا، مارک چیپمین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ کول میکونچی 15، فوکس کرافٹ 13، ٹم سائیفرٹ 12 رنز بنا سکے، جیکب ڈفی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، نیوزی لینڈ کا باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم نے 91 رنز کا ہدف 13ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 45 رنز جبکہ محمدعرفان نے 18 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

صائم ایوب 4, عثمان خان 7 جبکہ کپتان بابر اعظم 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بین لسٹر ، سودھی اور بریسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مائیکل بریسویل (کپتان)، مارک چیپ مین، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میک کونچی، جیمز نیشم، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، اش سودھی پر مشتمل ہے جب کہ پاکستانی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، عثمان خان، افتخار احمد، محمد عرفان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد شامل ہیں ۔