مشیر برائے لائیو اسٹاک فشریز سید نجمی عالم کا کراچی فش ہاربر اتھارٹی کا دورہ ،صفائی ستھرائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اتوار 21 اپریل 2024 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2024ء) وزیر اعلی سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک فشریز اینڈ ہیومن سیٹلمنٹ سید نجمی عالم نے کراچی فش ہاربر اتھارٹی کا ہنگامی دورہ کیا اورادارے کی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ہاربر اتھارٹی کی حدود میں معاملات کو دوبارہ تشکیل دینے کیلئے دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کی رفتار کو چیک کیا ۔

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے انتظامیہ سے اس حوالے سے بریفنگ لینے کے ساتھ ساتھ ہاربر اتھارٹی کے مختلف زونز کا بھی دورہ کیا اور مچھلی منڈی میں مچھلی کی پیکنگ کی صفائی کو بھی چیک کیا۔ سید نجمی عالم نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کراچی فش ہاربر پر مچھلی کے شکارکرنے والی بوٹس کا دبا ئو کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے کورنگی فش ہاربر کھولنے کا مطالب کیا ہے ، اس سلسلے میں وزیر اعلی سندھ کو بھی درخواست کی گئی ہے اور وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ قیصر شیخ سے آئندہ دو روز میں ملاقات کے بعد درخواست سمیت کاغذی کارروائی کی بھی تیاری کر لی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام ماہی گیروں کی رجسٹریشن پروگرام پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ماہی گیروں کو شکار کے دوران سرحد پار کرنے کیلئے بروقت اطلاع دینے کا نظام شروع کرنے کے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لیبر کارڈ پروگرام میں ماہی گیروں کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مالی مدد سے ماہی گیروں کو معاشرے میں زندگی کی مختلف ضروریات میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات سے بھی مستفید ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی مسائل کے فوری حل کے لیے ہم نے میئر کراچی سے بھی رابطہ کیا ہے، جن کے ساتھ مل کر کچرے کو ٹھکانے لگانے سمیت نکاسی آب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی فش ہاربر کے ریونیو کو بہتر بنانے اور مسواری پروگرام سمیت دیگر مالیاتی معاملات میں فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی سمیت ادارہ کی حدود میں اپنا کاروبار کرنے والے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھنے کی کاوشیں جاری ہیں ۔

اس موقع پر ایم ڈی کراچی فش ہاربر اتھارٹی علی گل سنجرانی کو صوبائی مشیر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کے تحت کام کرنا چاہتے ہیں، جو بھی افسر ہمارے ویژن کے تحت کام نہیں کرے گا ہم اسے تبدیل نہیں کریں گے بلکہ اسے گھر بھیج دیں گے کیونکہ جس افسر نے اپنی نااہلی دکھائی تو وہ بدلی ہونے والی جگہ بھی وہی لاپر واہی دکھائے گا اور یہی وجہ ہے کہ ادارہ تباہی کے دہانے پر آجاتے ہیں، اس رویہ کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ہمیں نااہل افسران ہٹانے ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اٹھائے گئے انتظامی اقدامات سے اداروں میں بہتری کی امید ہے۔