Live Updates

بشری بی بی کی صحت ہشاش بشاش اور بہترین ہے، انہیں کوئی تکلیف نہیں، صرف 190ملین پائونڈ کی رقم ہضم کرنا چاہتی ہیں،طلال چوہدری

پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اپنے کارکنوں کو اکساتے ہیں،یہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پاکستان غیرمستحکم ہو ، سینئر رہنما مسلم لیگ (ن)

اتوار 21 اپریل 2024 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی صحت ہشاش بشاش اور بہترین ہے، انہیں کوئی تکلیف نہیں، وہ صرف 190 ملین پائونڈ کی رقم ہضم کرنا چاہتی ہیں، اگر بشری بی بی سمجھتی ہیں کہ ان کی صحت 300 کنال کے گھر میں ٹھیک نہیں تو انہیں عمران خان کی طرح اڈیالہ جیل بھیج دینا چاہئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی بشری بی بی کی صحت کے حوالے سے پروپیگنڈا کر رہی ہے۔ بشری بی بی کو جیل نہیں جانا، چوری کے باوجود اپنے گھر اور محل میں رہنا ہے، اپنی مرضی کا کھانا کھانا ہے، چوری نہ کرنے کا کوئی ثبوت بھی نہیں دینا تو صحت کا بہانہ بنا کر کسی طرح ضمانت کروانے کاسبب ہی بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب بشری بی بی کے ذاتی معالج ان کا طبی معائنہ کرتے ہیں تو ان کی صحت بالکل ٹھیک نکلتی ہے۔

وہ صرف 190 ملین پائونڈ کی رقم ہضم کرنا چاہتی ہیں جو ہو نہیں پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور عدالتیں جانتی ہیں کہ اس طرح کی بدہضمی تب ختم ہوگی جب ہیرے، ہار، 190 ملین پائونڈ کی رقم برآمد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس معاملہ کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے حالانکہ بشری بی بی کے معالج نے بھی تصدیق کی ہے کہ بشری بی بی کی صحت ہشاش بشاش اور بہترین ہے اور انہیں کوئی تکلیف نہیں سوائے اس کے کہ وہ 190 ملین پائونڈز کی رقم ہضم کرنا چاہتی ہیں۔

نارروال ضمنی الیکشن میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن پر پی ٹی آئی کے لوگوں نے تشدد کیا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا ہے، پنجاب حکومت کی طرف سے کارروائی ہونی چاہئے اور واقعہ میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہی تعلیمات ہیں جو پی ٹی آئی اور ان کے بانی عمران خان نے اپنے کارکنوں کو دی ہیں کہ وہ اپنے سیاسی مخالفین کو برداشت نہیں کرنا چاہتے، نہ انہیں زندہ اور نہ انہیں سیاست میں دیکھنا چاہتے ہیں بلکہ وہ کسی بھی صورت ان کو برداشت نہیں کرنا چاہتے۔

نارروال میں مسلم لیگ (ن) کا کارکن انہی پرتشدد واقعات میں جاں بحق ہوا جو پی ٹی آئی کے لوگوں نے کئے۔ اس واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کو پر تشدد واقعات کیلئے اکساتے ہیں۔ مخالفین کے گھروں پر حملے ہوں، پولنگ اسٹیشنوں پر لڑائی جھگڑے اور ہلاکتیں ہوں یا 9 مئی کے واقعات، یہ ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے پاکستان غیرمستحکم ہو اور پاکستان میں ایسے حالات پیدا ہوں جس کا فائدہ صرف اور صرف عمران خان کی ذات کو ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مقدمات میں سزایافتہ ہیں اور ایسے حالات پیدا کرکے وہ رہائی چاہتے ہیں۔ میں اس کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے اس واقعہ کی بھرپور کارروائی ہونی چاہئے، گناہ گاروں کو سزا ملنی چاہیے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات