سابق رکن اسمبلی پی ٹی آئی شبیر گجر کیخلاف مقدمہ درج، 10دفعات شامل

پیر 22 اپریل 2024 14:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی شبیر گجر کے خلاف 10 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے شبیر گجر کے خلاف تھانہ ستوکتلہ میں سب انسپکٹر ضیا الحق کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، مقدمہ میں شبیر گجر سمیت سات نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شبیر گجر کے خلاف مقدمہ پولیس جوان شہباز سے سرکاری رائفل چھیننے، پولیس اہلکار راحت کی وردی پھاڑنے، اقدام قتل، پولیس پر حملہ آور ہونے سمیت 10 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ویلنشیا ٹائون کے قریب دو گاڑیوں کو پولیس ناکہ پر روکا گیا، گاڑیوں میں موجود 7سے 8 افراد سوار تھے جنہوں نے پولیس پر گاڑیاں چڑھا دیں، گاڑیاں بیریئر کو جا لگیں جس سے بیریئر ٹوٹ گئے اور مسلح افراد نے پولیس پر حملہ کر دیا۔