22 اپریل بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری خواتین کی بے حرمتی کا ہولناک واقعہ کی یاد دلاتا ہے

پیر 22 اپریل 2024 16:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) بھارتی فوجیوں کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کشمیر یوں کے دل ودماغ میں ہمیشہ کے لئے نقش ہوچکے ہیں اور 22 اپریل ایک اور ہولناک واقعے کی یاد دلاتا ہے جس میں بھارتی فوجیوں نے 1997میں آج کے دن سرینگر کے علاقے واووسہ میں ایک گھر میں زبردستی گھس کر تین بہنوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جن بہنوں کی عصمت دری کی گئی ان کی عمریں 14،16اور 18سال تھیں۔فوجیوں نے بیٹیوں کی ماں کو اس وقت شدید تشدد کا نشانہ بنایاجب اس نے اپنی بیٹیوں کو بچانے کی کوشش کی۔گزشتہ 35سال سے خواتین کے خلاف تشدد، ذہنی اذیت، جبر اور ظلم وبربریت کی ان ہولناک کارروائیوں نے علاقے میں لوگوں کی زندگیوں کو ایک ڈراونے خواب میں تبدیل کر دیا ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسزمحاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرکی خواتین کو مسلسل جنسی تشدد،اغوا، غیر قانونی گرفتاریوں اور بے حرمتی کا نشانہ بنا کر ان میں خوف و دہشت پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔بھارتی فورسز کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے غیر انسانی اور وحشیانہ کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کی ایک رپورٹ کے مطابق آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ (اے ایف ایس پی اے)بھارتی فورسز کو جنسی تشدد کے جرائم پر قانونی چارہ جوئی سے استثنیٰ فراہم کرتا ہے۔بین الاقوامی برادری اس کالے قانون کی مذمت کرتی ہے اور اسے انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کے منافی قرار دیتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے اپنی 2رپورٹس میں جبکہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں خواتین کی بے حرمتی کو ایک جنگی ہتھیار کے طوپر استعمال کررہا ہے۔

علاقے میں مجرموں کے محاسبے کے فقدان اور عصمت دری کے متاثرین کو انصاف کی عدم فراہمی سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کو جان بوجھ کر نظر انداز کررہاہے۔رپورٹ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں جنسی تشدد کو جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کوروکنے کے لیے اقدامات کرے۔