ملک کی ترقی کیلئے سب سے بات کرنے کیلئے تیارہیں،طارق فضل چوہدری

ملک میں نفرت اورافراتفری کی سیاست کی گئی،قومی اداروں کونقصان پہنچاناملک کونقصان پہنچاناہے،،نفرت اورجھوٹ سے ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 22 اپریل 2024 16:56

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 اپریل2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءطار ق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے سب سے بات کرنے کیلئے تیارہیں،قومی اداروں کونقصان پہنچاناملک کونقصان پہنچاناہے،ملک میں نفرت اورافراتفری کی سیاست کی گئی ،پی ٹی آئی اداروں کےخلاف بیان بازی کررہی ہے،نفرت اورجھوٹ سے ملک کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں ن لیگ نے حکومت سنبھالی ہے حکومتی اقدامات سے غیرملکی سرمایہ کارپاکستان آرہے ہیں، ایرانی صدربھی پاکستان کے دورے پرہیں۔ دورے کے دوران مختلف معاہدوں پردستخط ہوں گے، دوسرے ممالک کے سربراہان بھی آنے والے دنوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے کبھی تشدداورتقسیم کی سیاست نہیں کی، عوام نے ضمنی الیکشن میں نفرت وتشددکی سیاست کومستردکردیا ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن نے11نشستیں حاصل کیںجبکہ سنی اتحادکونسل نے2 پیپلزپارٹی نے بھی2نشستیں حاصل کیں، آئی پی پی اورق لیگ ن ایک ایک نشست حاصل کی۔طارق فضل چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طورپرملک بھر میں ضمنی انتخابات پرامن رہے اور عوام نے اپنا فیصلہ ووٹ کے ذریعے دیدیا ہے ۔حکومت ملک سے مہنگائی ختم کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے اور آنے والے دنوں میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے ۔

سعودی عرب و یو اے ای کی جانب سے ملک میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے جس میں معیشت میں بہتری آئی گی ۔ پاکستان سٹاک ایکسچنیج میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے یہ سب شہباز شریف کی بہترین پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ آج دوست ممالک پاکستان کا دورہ کرکے سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔حکومت کی کوششوں سے ملک کا امیج بین الاقوامی سطح پر بہتر ہو رہا ہے۔