ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی کی چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سےملاقات

پیر 22 اپریل 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اور چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے ، دہشت گردی کے خاتمہ اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ دونوں رہنمائوں کی ملاقات پیر کو یہاں ہوئی۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور معزز وفد کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ ملاقات میں پارلیمانی روابط، علاقائی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کوفروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے اپنے آباؤ اجداد اور ایران کے درمیان گہرے تاریخی رشتوں پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضاگیلانی نے بتایا کہ ان کے آباؤ اجداد کا شجر نصب حضرت غوث الاعظم سے ملتا ہے۔ملاقات میں ماضی میں بطور وزیراعظم پاکستان ایران کے دوروں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ماضی میں ایرانی دوروں کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے دو طرفہ مذاکرات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مشترکہ مذہبی روایات و اقدار اور ثقافتی ورثے پر مبنی مضبوط دوطرفہ تعلقات علاقائی استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے انسانی حقوق اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے یکجہتی کے ساتھ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کو سراہا۔

چیئرمین سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے منصفانہ مقصد کے لئے ایران کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور دہشت گردی، سرحدی سلامتی اورخطے میں امن و استحکام کی بہتری کے لئے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں پارلیمانی تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بردارانہ تعلقات قابل فخر ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مشترکہ مذہبی اور ثقافتی اقدار ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے موقف کی بھر پور حمایت کی ہے۔ ایرانی صدر نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے ایران کے ساتھ تاریخی اور روحانی وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔