عوام نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جھوٹ،نفرت اور منفی سیاست پر مبنی بیانیہ مسترد کر دیا ، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

پیر 22 اپریل 2024 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جھوٹ،نفرت،انتشار اور منفی سیاست پر مبنی بیانیہ مسترد کر دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ٹیم ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سرگرم عمل ہے، حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کے بعد ایرانی صدر ابراہم ریئسی پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں،ملک کی تعمیر و ترقی پاکستان مسلم لیگ کا خواب ہے۔

انھوں نے یہ بات پیر کو یہاں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں گیارہ نشستیں جیت کرکلین سویپ کرتے ہوئے واضح کامیابی حاصل کی ہے، پولنگ مجموعی طور پر پرامن اور صاف و شفاف رہی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی اتحادی حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کے باعث ممکن ہوا ہے، بہت جلد مہنگائی میں کمی سمیت زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافے کی شکل میں ثمرات عوام تک پہنچیں گے، موجودہ حکومت کی کامیاب خارجہ پالیسی کے باعث سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کے بعد ایرانی صدر ابراہم ریئسی پاکستان کا دورہ کے دوران میں اربوں ڈالرز کے تجارتی معاہدے  کئے گئے ہیں جن سے ملکی معیشت کو بے حد فائدہ پہنچے گا۔

اتنے قلیل عرصے میں حکومتی پالیسیوں کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔