گھروں کی بجلی منقطع کرنا پابندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والے صارفین کے ساتھ زیادتی ہے ،سید ناصر حسین شاہ

پیر 22 اپریل 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) صو با ئی وزیر توانا ئی ،ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کے بل ادا نہ کرنے والے چند صارفین کی وجہ سے دیگر گھروں کی بجلی منقطع کرنا پابندی کے ساتھ بجلی کے بل جمع کرنے والے صارفین کے ساتھ زیادتی ہے حکومت اس سلسلے میں جلدایکشن لے گی۔پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے اپنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ صوبے میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو زائد بلنگ ،غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ،بلا وجہ بجلی کاٹنے جیسی صارفین کی بڑھتی ہوئی شکایات پر حکومت کو تشویش ہے جس کے تدارک اور چیئرمین بلاول بھٹو کے ویژن کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی کے لیے محکمہ توانا ئی سندھ حکومت عملی تیار کر رہا ہے تاکہ صارفین کی شکایت کو دور کیا جا سکے اور اس حوالے سے جلد ہی ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ متبادل توانائی وقت کی انتہائی اہم ضرورت ہے جبکہ صوبہ سندھ میں متبادل توانائی کے ذرائع لامحدود ہیں۔ محکمہ توا نا ئی سندھ ان قدرتی متبادل توانائی کے ذرائع کے استعمال کرنے کے لیے عملی اقدامات میں مصروف ہے ۔چیئرمین بلاول بھٹو کا ویژن ہے کہ صوبے کے ہر گھر کو روشن کیا جائے اور انہیں سولرائزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے اس وژن کے تحت محکمہ توانائی سندھ صوبے کی انتہائی پسماندہ علاقوں کے پانچ لاکھ گھروں کو سولر سسٹم فراہم کر رہی ہے اس کے علاوہ عالمی بینک کے تعاون سے بھی 2لاکھ گھرانوں کو سولرائزیشن کے ذریعے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے اس کے علاوہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی 20 لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے تیزی سے اقدامات کر رہا ہے ۔

وزیر توانائی نے کہا کہ متبادل توانائی کے منصوبوں میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور اس حوالے سے صوبہ سندھ انتہائی زرخیز ہے ۔انہوںنے کہا کہ چار بڑے سولر پارک کے حوالے سے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن ترقی یافتہ صو بہ سندھ کے مطا بق شاہراہیں ،اوورہیڈ برجز ،انڈر پاسز ،سگنل فری کاریڈورز، پانی اور سیوریج کے نظام کے حوالے سے بھرپور اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کراچی میں پانی کی قلت اور اس حوالے سے لوگوں کی پریشانیوں اور تکلیف دور کرنے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو نے سختی سے ہدایات کی ہے۔ وفاقی حکومت سے مل کر پانی کی قلت دور کرنے کے لیے کے فور پروجیکٹ پر بھی کام کر رہے ہیں۔ وزیر توانائی نے کہا کہ مختلف حوالوں سے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کے لیے چیئرمین بلاول بھٹو نے نوٹس لیا ہے جبکہ وزیراعلی سندھ نے بھی اس سلسلے میں خصوصی ہدایات دی ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ سولر انرجی کے حوالے سے ملک گروپ آف کمپنیز کے اقدامات اور تجاویز کو مکمل سپورٹ کریں گے ۔صدر پاکستان ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق صو بہ سندھ کے ہر گھر کو روشن کرنے کے لیے محکمہ توانائی اور سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعائون کریں گے ۔سندھ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وہاں عملی اقدامات میں مصروف ہے ۔