مسجد دیوا اکیڈمی کے امام کی جبری ظالمانہ بے دخلی برداشت نہیں کریںگے، متحدہ علماء محاذ

گورنر ،وزیراعلیٰ ،وزیرمذہبی امور دیوا اکیڈمی ٹرسٹ اسکول کالج کی انتظامیہ کیخلاف فوری ایکشن لیں

منگل 23 اپریل 2024 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان میں شامل مختلف مکاتب فکرکے جید علماء مشائخ نے دیوا اکیڈمی کے 27سالوں سے امام کی جبری ظالمانہ بے دخلی کے خلاف گورنر ،وزیراعلیٰ سندھ ،محتسب اعلیٰ سندھ،وزیرمذہبی امور سے دیوا اکیڈمی ٹرسٹ اسکول کالج کی انتظامیہ کیخلاف فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیاہے اور دیوا اکیڈمی کی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ امن و اتحاد کے عظیم داعی ممتاز عالم دین مولانا قاری محمد اقبال رحیمی کو امامت کے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے جبری وظالمانہ اقدام کو کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔

علماء نے کہا کہ دیوا اکیڈمی ٹرسٹ نے 27سال قبل مولانا قاری محمد اقبال رحیمی کو منصب امامت کے فرائض انجام دینے کیلئے 15000روپے ماہانہ تنخواہ پر مقرر کیاتھا جبکہ انتظامیہ مولانا کو کچھ سال 2000 ، کچھ سال بعد 3000 پھر کچھ سال بعد 5000اور اب گزشتہ 10سالوں سے 7000روپے تنخواہ کے طور پر دیتی رہی ہے اور حالیہ 4ماہ قبل سے 15000روپے تنخواہ کے طور پر اداکئے ہیںجو شرعاً، قانوناً ناقابل معافی ظلم و جرم ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ 27سالوں میں امام صاحب کو کسی بھی قسم کی بنیادی ضروری سہولیات سے یکسر محروم رکھاگیاہے اوراب ظلم کی انتہا یہ ہے کہ مولانا کو چند ماہ قبل امامت سے بغیر کسی شرعی ، قانونی عذر ، نوٹس ، اطلاع دیئے بغیر فارغ کردیاگیاہے۔جبکہ 27سالوں میں اہل محلہ و مقتدیوں کو تاحال امام صاحب سے کسی بھی قسم کی تحریری یا زبانی شکایت نہیں رہی ہے۔علماء نے دیوااکیڈمی ٹرسٹ اسکول کالج کے حالیہ صدر سلمان لودھی و دیگرمنتظمین سے مطالبہ کیاہے کہ مولانا قاری محمد اقبال رحیمی کو 27سالوں کی سالانہ بڑھوتری کے ساتھ قانون کے مطابق واجبی تنخواہ فی الفور اداکی جائے۔

علماء کا مزید کہنا تھا کہ اکیڈمی کے صدر کی فیملی کے تقریباً 20افراد بمعہ ملازمین لاکھوںروپے کی تنخواہیں سمیت مکان بجلی پانی گیس سیکورٹی و دیگر غیر شرعی سہولیات بھی لے رہے ہیںجبکہ امام و مؤذن سمیت دیگر ملازمین کو مذکورہ سہولیات سے تاحال جبراً اور ظلماً محروم رکھاگیاہے۔ اس سلسلے میںامام مسجد مولانا قاری محمد اقبال رحیمی نے محاذ کے مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں محاذ کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدامین انصاری و دیگر قائدین سے ملاقات کرکے انہیں تمام تفصیلات سے آگاہ کیااور اپنے ساتھ کی گئی ظلم و زیادتی ناانصافی کے خلاف داد رسی کی اپیل کی علماء نے مولانا قاری محمداقبال رحیمی کو انصاف دلانے کیلئے ہر طرح کا ہر سطح پر تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی جس میں محاذکے سرپرست مولانا انتظارالحق تھانوی ، محاذ کے مرکزی صدر حجة الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین ،استاذ القراء یادگار اسلاف مولانا قاری اللہ داد،چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، شیخ الحدیث مولانا سلیم اللہ خان ترک، شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی،خطیب اہل بیت علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مفسر قرآن علامہ مفتی روشن دین الرشیدی، مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی سلفی،خطیب اہل سنت علامہ ڈاکٹر شاہ فیرو زالدین رحمانی،علامہ مفتی ضیاء اللہ سیالوی ودیگر شامل ہیں۔