لاہور:مختلف علاقوں میں بارش سے نشیبی علاقوںمیں پانی جمع ہو گیا، بجلی کا ترسیلی نظام متاثر

منگل 23 اپریل 2024 20:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت لاہورمیں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹائون، گلبرگ، گارڈن ٹائون سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ رم جھم ہوئی۔

بارش کے باعث حالیہ دنوں میں بڑھنے والی گرمی کا زور ایک مرتبہ پھر ٹوٹ گیا، بارش کے ساتھ چلنے والی تیز ہوائوں سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا جبکہ بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔