پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 کا جاری ہونا حیرت انگیز قرار دے دیا

فارم 47 کے اجرا میں الیکشن کمیشن کی پھرتیاں واضح ثبوت کہ یہ جعلی فارم پہلے ہی تیار ہوچکے تھے، ووٹ کی پامالی اور مجرمانہ سہولتکاری پر تمام ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے، ترجمان پی ٹی آئی کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 اپریل 2024 21:23

پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 کا جاری ہونا حیرت انگیز ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 اپریل 2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد فارم 47 کا جاری ہونا حیرت انگیز قرار دے دیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ فارم 47 کے اجرا میں الیکشن کمیشن کی پھرتیاں واضح ثبوت کہ یہ جعلی فارم پہلے ہی تیار ہوچکے تھے، ووٹ کی پامالی اور مجرمانہ سہولتکاری پر تمام ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے۔

ایکس پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ 8 فروری کے عام انتخابات کے بعد جو فارم 47 خلافِ قانون کئی روز تک جاری نہ ہوئے انکا ضمنی انتخاب کے چند گھنٹے بعد جاری ہونا نہایت حیرت انگیز ہے، حالیہ ضمنی انتخاب کے فارم 47 کے اجرا میں الیکشن کمیشن کی پھرتیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ یہ جعلی فارم دھونس اور دھاندلی کے ذریعے پہلے ہی تیار کیے جا چکے تھے، عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخاب میں عوامی مینڈیٹ پر ڈالے گئے کھلے ڈاکے نے الیکشن کمیشن کے متعصبانہ، جانبدارنہ اور مجرمانہ کردار پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ضمنی الیکشن میں پریزائڈننگ افسران اور پولنگ ایجنٹس کے اغوا کے بعد فارم 45 پر جبری دستخط کروائے جانے کے ٹھوس شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، مینڈیٹ چور جعلی وزیر اعلیٰ پنجاب کی ایما پر بددیانت الیکشن کمیشن کی خصوصی سرپرستی میں ایک بار پھر عوام کے حق رائے دہی کو غصب کیا گیا، عوام کے ووٹ کی پامالی کے ذریعے جمہوریت پر ڈالے جانے والے کھلے ڈاکے میں مجرمانہ سہولتکاری کرنے پر الیکشن کمیشن سمیت تمام ذمہ داران کا محاسبہ کیا جائے۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اس لاقانونیت کے خلاف اپنی آئینی جدوجہد عوام کے چوری شدہ مینڈیٹ کے حصول تک جاری رکھے گی۔