صدر مملکت آصف علی زرداری سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لوئو چائو ہوئی کی قیادت میں وفد کی ملاقات، پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور

بدھ 24 اپریل 2024 21:07

صدر مملکت آصف علی زرداری سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تزویراتی تعلقات کو تجارت، معیشت، زراعت، عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ ایوان صدرکے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لوئو چائو ہوئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

اجلاس میں پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان اور چینی اور پاکستانی حکومتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے، پاکستان سی پیک کو تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ سمجھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا اور چین تک سامان کی نقل و حمل سستی ہوگی۔

اس موقع پر صدر مملکت نےانسانی وسائل کو چین کی ضروریات کے مطابق ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے مشترکہ تربیتی منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی۔ صدر مملکت نے بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چینی شہریوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ صدرمملکت نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

آصف علی زرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی ، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سکولوں کی تعمیر نو میں ایجنسی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے لیے گھروں کی تعمیر میں بھی ایجنسی کے کردار کی تعریف کی۔ چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایجنسی کے کردار کے بارے آگاہ کیا۔ ملاقات میں لوئو چائو ہوئی نے سیاحت اور زرعی تعاون فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ لوئو چائو ہوئی نے کہا کہ دونوں ممالک کے دشمن دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ، اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔\932