وزیر اطلاعات سے صحافیوں کے وفد کی ملاقات ،میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے وزیر اطلاعات کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، عطاء تارڑ کی مسائل کے حل کی یقین دہانی

بدھ 24 اپریل 2024 20:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے گورنر ہائس کراچی میں کراچی پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی جس میں صحافیوں، میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ،۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ میڈیا جمہوریت کے چوتھے ستون کا کردار ادا کر رہا ہے، آزاد اور خودمختار میڈیا کی حمایت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر میڈیا ہائوسز اور اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کے لئے اقدامات اٹھائے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ جلد کراچی پریس کلب کا دورہ کر کے صحافیوں سے تفصیلی ملاقات کروں گا۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور جنرل سیکرٹری شعیب خان نے وفاقی وزیر اطلاعات کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور جنرل سیکریٹری شعیب خان کو کراچی پریس کلب کے لئے 10 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا۔